کراچی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):ملکی معیشت کی بحالی کے لئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں آج صنعتکاروں کے ہمراہ تین گھنٹے طویل اجلاس کیا ہے،ہم سب کو معیشت کی بحالی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور نگراں وفاقی وزیر کامرس،انڈسٹریز و ٹیکسٹائل ڈاکٹر گوہر اعجاز نے گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنرسندھ نے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے نگراں وفاقی وزیر میری درخواست پر کراچی تشریف لائے جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں،یہ کل سے یہاں موجود ہیں اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں کر رہے ہیں اس سلسلے میں یہ صنعت کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس میں مختلف مسائل پر بات چیت کی گئی ہے تاجروں کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈالر بہت زیادہ اوپر چلا گیا تھا، اب نیچے آرہا یے،پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سرحدی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ معاشی دہشت گردی کے خلاف بھی کمر بستہ ہیں جس کی بدولت جلد معاشی سدھار آئے گا اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنی فورسز پر زیادہ اعتماد ہے ہم سب کو معیشت کی بحالی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ نگراں حکومت کی صورت میں ملک کو اچھی ٹیم ملی ہے ہر مہینے وزراء آئیں گے اور لوگوں کے مسائل سنیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسی چیزیں مرتب کی جارہی ہیں کہ آنے والے اس پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں فائیواسٹار ہوٹل بننے چاہیئے سوچا جا رہا ہے کہ انڈسٹریز کی ایکسپورٹ کیسے بڑھائی جائے جلد مسائل کا حل نکا لیں گے اور ملک و صوبے کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہوتا ہوا دیکھیں گے۔
نگراں وفاقی وزیرکامرس، انڈسٹریز و ٹیکسٹائل ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کے لئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں آج صنعتکاروں کے ہمراہ تین گھنٹے طویل اجلاس کیا ہے جہاں مختلف مسائل زیر غور آئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے مختلف کاروبار کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے ان کے مسائل کے حل کے لئے نگراں وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی ہے،
گورنرسندھ کی دعوت پرصنعت کاروں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے کراچی آیا ہوں اورجن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے وہ نگراں وزیراعظم کے علم میں لائوں گا۔