لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہےملکی معیشت کے مستحکم ہونے کے مثبت عشاریئے مل رہے ہیں ،بعض لوگوں کو یہ ترقی ہضم نہیں ہو رہی اسلئے وہ انتشاری ایجنڈے کے تحت ایک بار پھر اودھم مچاکر اقوام عالم میں پاکستان اور قومی اداروں کا تشخص خراب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبزہ زار ویلفیئرسوسائٹی کے صدر سعید آسی کی اقامت گاہ پر اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی اور ویلفیئر فیڈریشن نے تقریب کا اہتمام کیا تھا، وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد، سابق ایم این اے مہر اشتیاق احمد انور، مسلم لیگ (ن) کے اس حلقہ میں ایم این اے کے ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان اور اس حلقے کی یونین کونسل کے سابق چیئرمین میاں بشارت علی ڈولہ نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں سعید آسی اورویلفیئر سوسائٹی کے دوسرے عہدیداران محمد افضل خاں، حاجی محمد ارشد، انجم رشید، قاری محمد اشتیاق، میاں محمد ریاض، ڈاکٹر امتیاز، پروفیسر رانا لطیف اطہر، محمد اقبال معینی اور دوسرے مکینوں نے اپنے علاقے کے فوری حل طلب مسائل سے مہمانان خصوصی کو آگاہ کیا جن میں سبزہ زار مین بلیوارڈ سکیم موڑ سے لیاقت چوک تک کی تعمیر میں گزشتہ دوسال سے جاری تعطل، بعض علاقوں کی سوئی گیس کنکشننز سے محرومی، سیوریج کے ناقص انتظام، رہائشی آبادی کے سالہا سال سے خالی پڑے پلاٹوں پر ٹرانسپورٹ اور قصاب مافیا کے ناجائز قبضے اور نوجوان نسل میں آئس کے نشے کی پھلیتی لت، مین بلیوارڈ لیاقت چوک سے بند روڈ تک آئے روز رونما ہونے والے جان لیوا حادثات اورسعید آسی پارک ڈی بلاک کے متعدد مسائل شامل ہیں۔
رانا مشہود اور میاں مرغوب احمد نے ان مسائل کے فوری حل کا یقین دلایا۔ سعید آسی نے کہا کہ گزشتہ دو دہائی کے دوران سبزہ زار سکیم میں ہسپتال کی تعمیر، کمیونٹی سنٹر، سپورٹس کمپلیس کے قیام اور جدید قبرستان کی تعمیر تک جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہی انجام پائے ہیں ۔