ملکی مفاد کیلئے تما م سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا چاہیے، نفرت کا مقابلہ نفرت سے نہیں کیا جاسکتا، ایاز صادق، سعد رفیق

35
Ayaz Sadiq, Saad Rafiq.
Ayaz Sadiq, Saad Rafiq.

لاہور۔25فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما ئوں سردار ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کے مفاد کیلئے تما م سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا چاہیے،پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، مسلم لیگ (ن )انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، نفرت کا مقابلہ نفرت سے نہیں کیا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں بھٹہ چوک میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ انشاء اللہ محمد شہباز شریف وزیر اعظم بنیں گے اور پیپلز پارٹی مسلم لیگ( ن) کی سپورٹ کریں گی ، پیپلز پارٹی نہ صرف قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دے گی بلکہ جو پاکستان کے مفاد میں قانو ن سازی ہو گی اس میں بھی وہ ساتھ دیں گے، پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ میں کوئی وزارت نہیں مانگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بھی مسلم لیگ (ن) کے وزیراعظم کی حمایت کریگی،ق لیگ اور آ ئی پی پی بھی اس کا حصہ ہوں گے، قومی اسمبلی میں مسلم لیگ( ن) کے حمایت یافتہ اراکین کی تعداد تقریبا200 کے قریب پہنچ جائے گی ۔ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،

پاکستان اس وقت کسی مزید نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا،تمام سیاسی جماعتوں کی خواہش ہو گی کہ ملک کے مفاد کیلئے سب کو ایک ہو جانا چاہیے، معیشت اوردہشت گردی پر سیاست نہیں کرنی چاہیے اور اگر سیاست کرنی ہے تو ملکی مسائل پر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کارکردگی دکھانا جبکہ اپوزیشن کا کام تنقید کرنا ہے مگر تنقید بھی وہ جو ایشوز اور کارکردگی پر ہولیکن جہاں ملکی مفاد کی بات ہو وہاں سب کو ایک ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی کوشش ہو گی کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں،

ایک دوسرے کے دلوں میں نرمی پیدا کی جائے،غصہ ،جھوٹ اور ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کی بجائے آ پس میںپیار و محبت کا رشتہ قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی سیاست پاکستان کی ترقی کے ساتھ منسلک ہے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ،پاکستان مضبوط ہو گا تو ہم مضبوط ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کسی کو سیاسی قیدی بنانے کی سوچ نہیں رکھتی اور نہ کسی سے بدلہ لینا چاہتے ہیں اور نہ مسلم لیگ )ن (ان راستوں پر چلنا چاہتی ہے جن پر2018 سے لے کر 2022 تک چل کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا،اگر سب مل کر پاکستان کے لئے کام کریں گے تو اس میں سب کی جیت ہے ،

عوام کی جیت پاکستان کی جیت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی قیادت اور کارکنان تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کر کے انہیں گرینڈ ڈائیلاگ کا حصہ بننے کی دعوت دیں گے ،خواجہ سعد رفیق کا آنے والی حکومت میں اہم کر دار ہو گا۔ اس موقع پر خواجہ سعد وفیق نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ جس کی حکومت نہ بنے وہ کہتا ہے دھاندلی ہو ئی ہے ، دھاندلی کا آڈٹ کروانے کے خواہشمند 2018 کے الیکشن سے آڈٹ کروائیں، میں نے انتخابات میں شکست کے بعد جیتنے والے امیدوار کو مبارکباد دی،

ایک جماعت قانونی پلیٹ فارم کے بجائے الزام تراشی کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیتی ہے، ہم اس کا مقابلہ کام، کام اور صرف کام سے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اہمیت ہار جیت کی نہیں آپ کے نظریے کی ہے، ہم نے ماضی میں ہر ظلم سہا مگر نہ اپنا نظریہ بدلا اور نہ ہی راستہ، ہم نفرت کا مقابلہ نفرت سے نہیں کریں گے،ہم پی ٹی آئی والی زبان استعمال نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہو گی کہ نفرت کا جواب محبت سے دیا جا ئے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے، اس وقت ملکی معیشت جس موڑ پر کھڑی ہے پاکستان کسی شر انگیزی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔