لاہور۔ 16 فروری (اے پی پی):چیف سائنٹسٹ ہارٹیکلچرملک اللہ بخش کونیاڈائریکٹر جنرل ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادمقرر کردیا گیاہے جنہوں نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے۔سیکرٹری محکمہ زراعت پنجاب نے شعبہ زرعی تحقیق کے سینئر اور معروف ترین زرعی سائنسدان، نامور ماہر باغات ملک اللہ بخش کی بطورڈائریکٹر جنرل ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد تعیناتی کے احکامات جاری کئے تھے۔
قبل ازیں مذکورہ عہدہ پرتعینات ڈائریکٹر جنرل آری فیصل آباد ڈاکٹر محمد اخترگزشتہ روز اپنے عہدہ کی میعاد مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے ہیں۔نئے ڈی جی آری ملک اللہ بخش نے1988 میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے ہارٹیکلچرمیں ماسٹرز ڈگری کے حصول کے بعد شعبہ زرعی تحقیق میں 1990میں اسسٹنٹ ریسرچ آفیسرکے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔موجودہ عہدہ پرتعیناتی سے قبل وہ چیف سائنٹسٹ تحقیقاتی ادارہ ہارٹیکلچر آری فیصل آباداپنے فرا ئض سر انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے آم، آڑو، سٹرس، کھجور، جامن، امرود اور بیرسمیت مختلف پھلوں کی 100سے زائد نئی اقسام متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے قومی و بین الاقومی جرائد میں متعدد زرعی تحقیقی مکالہ جات تحریر کئے ہیں۔وہ مختلف نیشنل زرعی کانفرنسز اور زرعی سیمینارز میں پاکستان کی نمائندگی کااعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ انکی شاندار پیشہ وارانہ کامیابیوں میں مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان اورریسرچ اسٹیشن کھجورجھنگ کے قیام سمیت دیگر خصوصی خدمات پرحکومت پاکستان نے متعدد ایوارڈز، نقد انعامات اورسرٹیفکیٹس سے نوازا ہے۔
وہ زرعی تحقیق میں تقریباً 34سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس سے امید کی جا سکتی ہے کہ ان کی تعیناتی کے بعد شعبہ زرعی تحقیق میں جدت کے زریعے زرعی شعبہ بالخصوص شعبہ ہارٹیکلچر میں انقلابی اقدامات سے پاکستان کے پھلوں کی ایکسپورٹ 80ارب سے بڑھا کر 200ارب تک لیجانے میں کامیابی کی راہ ہموار ہو گی نیز مذکورہ برآمدات میں اضافہ سے نہ صرف موجودہ ملکی معاشی صورتحال کو استحکام حاصل ہو گا بلکہ باغبانوں کی زرعی آمدن میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔