ملک بھرکی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا گیا

لاہور۔5 فروری(اے پی پی ) ملک بھرکی طرح صوبائی دارلحکومت لاہور میں بھی منگل کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا گیا،اس موقع پرتمام صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تحصیل اور سٹی ہیڈ کوارٹرز پر ریلیاں،سیمینارز اور دیگر تقریبات منعقد کی گئیں جن کا مقصد عالم اقوام کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی جانب مبذول کرانا تھا،یوم یکجہتی کشمیر پر مختلف سیاسی، …

لاہور۔5 فروری(اے پی پی ) ملک بھرکی طرح صوبائی دارلحکومت لاہور میں بھی منگل کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا گیا،اس موقع پرتمام صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تحصیل اور سٹی ہیڈ کوارٹرز پر ریلیاں،سیمینارز اور دیگر تقریبات منعقد کی گئیں جن کا مقصد عالم اقوام کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی جانب مبذول کرانا تھا،یوم یکجہتی کشمیر پر مختلف سیاسی، دینی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے بھی خصوصی سیمینارز، کانفرنسز، مباحثوں، مذاکروں، جلسے اور جلوسوں کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کی شخصیات نے بڑ ی تعداد میں شرکت کی، اس سلسلے میں مختلف مذہبی ، سیاسی ، سماجی اور کاروباری تنظیموں کی طرف سے کشمیر ی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے مختلف پروگرامز بھی ترتیب دئیے گئے جن کے ذریعے عالمی طاقتوں اور رائے عامہ کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف دلائی گئی۔ اس موقع پر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کےلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی گئیں،مختلف تقریبات میں مقررین کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کی سر زمین آزادی کا وہ سورج طلوع ہوتا دیکھے گی جسے چمکانے میں لاکھوں کشمیریوں کے خون، بچوں کی آہوں اور سسکیوں، عصمت مآب خواتین کی تقدیس اور ماﺅں، بہنوں اور بیٹیوں کی آرزوں کی کسک شامل ہے ۔مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جارحیت اب اپنے آخری مناظر دکھا رہی ہے ۔پون صدی کے جبر وتشدد ، جارحیت اور انسان سوز مظالم کے باوجود نہ تو کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کچلا جا سکا ہے، نہ پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں ابھرنے والی صداﺅں اور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا راستہ روکا جا سکا ہے ۔مقررین نے کہا کہ آزادی¿ کشمیر تحریکِ پاکستا ن کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچانا پاکستان کی حکومتوں ، عوام، سیاسی رہنماﺅں، دانشوروں اور طلبہ وطالبات کی مشترکہ اور ناقابلِ تردید ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس پر بھارتی تسلط کی تلوار اب اور دیر تک برداشت نہیں کی جا سکتی ۔ کشمیرکی قسمت کا فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کی مطابق کیا جائے جس کی واحد صورت وہاں پر آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری ہی ہے جس کے لئے پاکستان کو اندرونِ ملک اور بیرونی دنیا کے سامنے بھر پور انداز میں اپنا مقدمہ پیش کرنا ہوگا۔ اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے کشمیر ی عوام سے یکجہتی کے حوالے سے ٹیبلو اور نغمات پیش کئے جبکہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے پس منظر میں مختصر دورانیے کی دستاویزی فلمیں اور کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے جبروتشددکی عکاسی کرتی ہوئی تصاویر اور پوسٹرز کی نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کی صبح کا آغاز نماز فجر کے وقت کشمیر کی آزادی، پاکستان کے استحکام، ملکی سلامتی، عالم اسلام کی سربلندی، کشمیری و پاکستانی عوام کی خوشحالی، مستقل بنیادوں پر امن کے قیام، اخوت و یگانگت اور بھائی چارے کے فروغ کی خصوصی دعاﺅں سے کیا گیا اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے سمیت ان کے ورثاءسے اظہار یکجہتی کےلئے ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی گئی۔