ملک بھر میں جاری سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور بحالی کے منصوبوں کے کام میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی ، مولانا اسعد محمود

135

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور بحالی کے منصوبوں کے کام میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی ، معاشی ترقی کی رفتار جدید روڈ نیٹ ورک سے منسلک ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور وزارت مواصلات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس کا مقصد جنوبی اضلاع میں مواصلات سے متعلقہ مسائل کے حل اور شاہراتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لینا تھا ۔ اس موقع پر ممبر پلاننگ این ایچ اے نوید اقبال واہلہ سمیت دیگر حکام نے وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کو تفصیلی بریفنگ دی جس میں ڈی آئی خان، ٹانک، بھکر، میانوالی سمیت ایم ون اور ایم ٹو سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں ۔ وفاقی وزیر نے ہدایات دیں کہ ڈی آئی خان۔ ہکلہ موٹروے سمیت، جنوبی اضلاع کے روڈ نیٹ ورک کو بروقت مکمل کیا جائے اور پہلے سے موجود سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے بعد انہیں ٹریفک کے لئے بحال کر دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع سمیت نیشنل ہائی وے کے کسی بھی ترقیاتی کام میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بدترین سیلاب نے ملکی شاہراہوں کو شدید نقصان پہنچایا تھا جس کے بعد این ایچ اے کے عملے کی شبانہ روز کوششوں سے روڈ نیٹ ورک بحال ہوا تھا لیکن بڑے منصوبوں پر کام بتدریج جاری ہے۔