ملک بھر میں ہفتہ کو فائر فائٹرز کا عالمی دن منایا گیا

World Firefighters Day
World Firefighters Day

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):فائر فائٹرز کا بین الاقوامی دن (آئی ایف ایف ڈی) ہر سال 4 مئی کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو بین الاقوامی سطح پر منانے کا مقصد فائر فائیٹرز کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے سروس کے دوران اپنی جانیں گنوائیں ،ان کے مسائل اور حل سمیت اس شعبہ کی اہمیت کے حوالہ سے عام آدمی کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔2 دسمبر 1998 کو آسٹریلیا میں بش فائر سے لڑنے والے پانچ فائر فائٹرز کی موت کے بعد 4 جنوری 1999 کو آسٹریلوی فائر فائٹر جے جے ایڈمنڈسن کی تجویز کے بعد 1999 سے یہ دن منایا جا رہا ہے۔

اس دن کو منانے کے لئے سرخ اور نیلے رنگ کا رِبن ایک علامت ہے جو فائر فائٹرز کے بین الاقوامی دن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔ ربن کا سرخ رنگ آگ کی نمائندگی کرتا ہے جبکہ نیلا پانی کی نمائندگی کرتا ہے۔ 4 مئی بروز ہفتہ عالمی یوم فائر فائیٹرز کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف اداروں کے زیراہتمام پروگرامز، کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں بھی نکالی گئیں جن میں معاشرہ کے تحفظ کیلئے فائر فائٹرزکی خدمات کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔