ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر (آج ) منایا جائے گا

121

راولپنڈی 04فروری (اے پی پی) ملک بھر میں (آج ) منگل5 فروری کو ےوم ےکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر عام تعطیل ہو گی اور تمام سرکاری و کمرشل بنک اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے ۔اے پی پی کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تمام صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تحصیل اور سٹی ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں منعقد کی جائیں گی جن کا مقصد عالم اقوام کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی جانب مبذول کرانا ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، دینی اور مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام خصوصی سیمینارز، کانفرنسز، مباحثوں، مذاکروں، جلسے اور جلوسوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام مکاتب فکر کی شخصیات بڑ ی تعداد میں شرکت کریں گی۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی اور تجارتی تنظیمیں کشمیر ی بھائیوں سے اظہار ےکجہتی کےلئے مختلف پروگرامزکا انعقاد کریں گی اور عالمی طاقتوں اور رائے عامہ کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب مبذول کرائی جائے گی۔ اس موقع پر سیاسی، دینی اور مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام خصوصی سیمینار، کانفرنسز، مباحثوں، مذاکروں، جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں کے علا وہ انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کی صبح کا آغاز نماز فجر کے وقت کشمیر کی آزادی، پاکستان کے استحکام، ملکی سلامتی، عالم اسلام کی سربلندی، کشمیری و پاکستانی عوام کی خوشحالی، مستقل بنیادوں پر امن کے قیام، اخوت و ےگانگت اور بھائی چارے کے فروغ کی خصوصی دعاوں سے کیا جائے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں آج منگل کی صبح 10بجے تمام بڑے شہروں میں سائرن بجائے جائیں گے اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداءکے اہل خانہ سے اظہار ےکجہتی کےلئے ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی۔