اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):ملک بھر میں 85 واں یوم پاکستان اتوار کو جوش و خروش سے منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے صبح کا آغاز ہوا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔عسکری قیادت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 23 مارچ 1940 تاریخ کا وہ لمحہ ہے جس نے پاکستان کے قیام کی راہ ہموار کی، اللہ کے فضل سے قوم جمہوریت اور اسلام کے اصولوں کے تحت ترقی منازل طے کررہی ہے۔
یوم پاکستان پر مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پرگارڈز تبدیلی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، سول اور عسکری حکام بھی تقریب کا حصہ بنے۔حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے مزار پر ہونے والی تقریب میں پاک فضائیہ نے گارڈز کے فرائض سنبھالے، مزار کے احاطے میں موجود ایئر فورس اور رینجرز کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی کی اورمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔
شرکا نے قراردیا کہ شاعرمشرق کے پیغام پرعمل کرکے وطن عزیزکو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے دن رات ایک کرنا ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575733