اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز نے اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کے بجٹ میں مسلسل اضافہ پر حکومت کی کوششوں کو سراہا ہے۔ پیر کو منعقدہ وائس چانسلرز کے اجلاس کے دوران جامعات کے سربراہان نے اعلیٰ تعلیمی اداروں پر وزیراعظم کے اعتماد اور اعلیٰ تعلیمی بجٹ میں مسلسل اضافہ پر ان کا اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعات ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اور ایسا صرف حکومتی تعاون کے سبب ممکن ہو سکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایچ ای سی کی طرف سے تھری جی ایوارڈ کا جیتنا اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ملک کے اعلیٰ تعلیمی شعبے نے اپنا بہترین کردار ادا کیا ہے اور فیکلٹی اور جامعات نے گزشتہ سالوں میں متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وائس چانسلرز نے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ رجحان برقرار رہے گا اور اس شعبے کو اگلے مالی سال میں بھی اضافی فنڈنگ مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے یقےن دلایا کہ اعلیٰ تعلیمی شعبہ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔