راولپنڈی ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملک بھر کے ریلوے ہسپتالوں کو نجی شعبے کے اشتراک سے چلانے کی پیشکش کردی ۔آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال میں شعبہ ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات کو سراہا اور اسلامک انٹر نیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ(آئی آئی ایم سی ٹی ) کو لاہور ،کراچی ،ملتان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں ریلوے ہسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کی پیشکش کردی۔ انہوںنے کہاکہ ریلوے کے ہسپتال اور تعلیمی ادارے مرحلہ وار نجی شعبے کے حوالے کیے جائیں گے تا کہ ریلوے ملازمین اور انکے بچوں کو معیاری سہولیات فراہم ہو سکیں۔ آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن پر 400ملین روپے لاگت آئے گی،اس منصوبے کے تمام اخراجات اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ( آئی آئی ایم سی ٹی) برداشت کریگا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انسداد منشیات شیخ راشد شفیق، ایڈیشنل سیکرٹری ریلوے عارف نواز ، جی ایم ریلوے شاہد عزیز، ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے سید منور شاہ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی آئی ایم سی ٹی انجنیئر اسداللہ خان، مینجنگ ٹرسٹی و چانسلر حسن خان ، رفاہ میڈیکل کالج کے پرنسپل جنرل (ر) اظہر رشید ، ڈائریکٹر آپریشنز کرنل(ر ) سیف اللہ ، چیف ایم ایس بریگیڈئر (ر) وسیم ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر ارباز، وائس پرنسپل ڈاکٹر عمرموجود تھے ۔ ڈویڑنل سپریٹینڈنٹ ریلوے سید منور شاہ نے کہا کہ آج کا دن ہم سب/ بلخصوص پاکستان ریلوے راولپنڈی کے ملازمین اور انکے اہلخانہ کے لئے مسرت کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابقہ دور حکومت میں بھی اس ہسپتال کے 16بیڈ کے ایمرجنسی شعبہ، بچوں کی ایمرجنسی ، مختلف نوعیت کے آپریشن تھیٹر سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے کی ذاتی دلچسپی کے بدولت ریلوے ہسپتال راولپنڈی کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا گیا ہے ، یہ پاکستان کا پہلا ریلوے ہسپتال ہوگا جہاں بہت جلدجدید ترین سی ٹی سکین مشین کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ آئی آئی ایم سی ٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجنیئر اسد اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ گذشتہ 22سال سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ریلوے جنرل ہسپتال کو چلارہا ہے اس دوران ہسپتال کی تذہین و آرائش کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں وقتاً فوقتاً 350نئے بیڈز ،آپریشن تھیٹر کی جدجد تکنیکی اور عالمی معیار کے مطابق تیاری ، وارڈ میں نئے واش رومز کی تعمیر ، کوویڈ 19اور ڈینگی وبا کے دوران نئے وارڈ کے قیام کے ساتھ ساتھ وبائی امراض سے بچائو کے لئے بھرپور عوامی آگاہی چلائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال وفاقی وزیر شیخ رشید کے ساتھ آئی آئی ایم سی ٹی کے وفد نے ملاقات کی اور انھیں ہسپتال کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا۔400ملین کی لاگت سے ہسپتال کی اپ گریڈیشن دو مراحل میں مکمل کی جائے گی اس کے تمام اخراجات آئی آئی ایم سی ٹی برداشت کریگا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئی آئی ایم سی ٹی مبارکباد کا مستحق ہے کیونکہ یہ ٹرسٹ کامیابی کے ساتھ گذشتہ 22سالوں سے ریلوے جنرل ہسپتال کو چلا رہا ہے ،ان کو پیشکیش کرتے ہیں کہ وہ ریلوے کی دیگر ہسپتالوں کو بھی چلانے کے لئے آگے بڑھے۔