ملک بھر کے ملٹری ہسپتالوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے ٹیسٹنگ لیبز، اے ایف آئی پی راولپنڈی میں سینٹرل ٹیسٹنگ لیب قائم، فاسٹ ٹریک ہینڈلنگ کےلئے ہر ملٹری ہسپتال میں کوویڈ- 19 ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا

105
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی ۔ 17 مارچ (اے پی پی) قومی کوشش کے ایک حصے کے طور پر اور 13 مارچ کو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق مسلح افواج کی تمام طبی مراکز فعال ہیں اور عالمی وباءسے نمٹنے کےلئے پوری طرح تیار ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر کے ملٹری ہسپتالوں میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے ٹیسٹنگ لیبز اور راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف پتھالوجی (اے ایف آئی پی) میں سینٹرل ٹیسٹنگ لیب قائم کر دی گئی ہے، فاسٹ ٹریک ہینڈلنگ کےلئے ہر فوجی ہسپتال میں کوویڈ- 19 ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کروناوائرس کے بعد سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کےلئے حکومت اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور صورتحال کے حوالے سے مکمل طور پر چوکس ہے۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے تحفظ اور فلاح و بہبود کےلئے سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیلئے تمام تر اقدامات کریں۔