نو مئی کے واقعات سے شدید دکھ ہوا ، سابق وفاقی وزیر اور رہنماء پاکستان تحریک انصاف ملک امین اسلم کی پریس کانفرنس

165

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر اور رہنماء پاکستان تحریک انصاف ملک امین اسلم نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ9 مئی کے واقعات اینٹی پاکستان ایجنڈا ہے جس کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا، 9 مئی کے واقعات انتہائی شرمندگی کا باعث ہیں،ہم نے شہداء کی یادگاروں ایم ایم عالم کے جہازتک کو نہیں چھوڑا، پارٹی کو ہائی جیک کرلیا گیا ہے،جلوس کا ٹارگٹ پاکستان فورسز کی تنصیبات تھیں ہماری لیڈر شپ کو ایسے لوگوں کو بے نقاب کرنا چاہئے تھا ، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا خواب کا حصہ تھا مگر پارٹی ملک دشمن ایجنڈے پر چل نکلی ہے، تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کی بجائے اپنی پارٹی میں انوسٹی گیشن کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب میں  ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تیرہ سال ہوچکے ہیں۔ ملک کو فلاحی ریاست اور کرپشن کے خاتمے کا نظریہ لیکر پارٹی میں شامل ہوئے۔ گرین ایجنڈا تیار کیا تاکہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے تیار کیا جاسکے۔ خیبر پختونخواہ و وفاق میں گرین ایجنڈے پر کام کیا جسے  پاکستان سمیت دنیا بھر میں سراہا گیا۔گرین ایجنڈا صاف شفاف پروجیکٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ  پارٹی کیساتھ بہت سے نشیب و فراز دیکھے مگر نو مئی کے واقعات سے شدید دکھ ہوا،ہماری لیڈر شپ کو چاہئے تھا کہ وہ  ایسے لوگوں کو بے نقاب کرتی ۔

عمران خان کو اس وقت اپنے دائیں بائیں دیکھنے کی ضرورت ہے، انہیں دیکھنا چاہئے کہ ان کے ارد گرد کونسی کالی بھیڑیں ہیں، تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کی بجائے اپنی پارٹی میں انوسٹی گیشن کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایجنڈے کے ساتھ میرے جیسے لوگ نہ تھے نہ رہ سکتے ہیں، یہ ملک دشمن ایجنڈا تھا کہ پاکستان فوج و عوام کو ٹکرا دیا جائے۔ مظاہرین کو شہداء کی یادگاروں تک لیکر کون گیا، ہم نے پاکستان کے ساتھ چلنا ہے ایسے ایجنڈے کے ساتھ میں مزید نہیں چل سکتا ،چار پشتوں سے میرا خاندان سیاست میں ہے مگر میری سیاست کا مقصد یہ کبھی نہ تھا ۔ اس پارٹی کو ہائی جیک کرلیا گیا ہے  آج اس پارٹی کو چھوڑ رہا ہوں البتہ ابھی کسی اور سیاسی پارٹی میں نہیں جارہا۔