ملک دشمن عناصر سے فنڈز لیناثابت ہو گیا، عمران خان تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیں، عطاتارڑ کی پریس کانفرنس

148

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان پر ملک دشمن عناصر سے فنڈز لیناثابت ہوگیاہے لہٰذاوہ جلد از جلدتحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیں، عمران خان نے بھارت ، اسرائیل اور امریکا میں مقیم یہودیوں سے کشمیر کاسوداکرنے کے بدلے پیسے لئے۔

بدھ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تاریخ سازفیصلہ دیاہے جس کے بعد کوئی ابہام باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ذات تضادات کامجموعہ ہے انگریزی میں اسے یوٹرن بھی کہاجاتاہے ۔ عطا تارڑ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ڈالر 8 روپےنیچے آ گیا ہے جب بھی فتنہ خان کے خلاف فیصلہ آتا ہے معیشت مستحکم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری جس کشتی میں بیٹھتےہیں اسی کو ڈبونے کی کوشش کرتےہیں۔ انہوں نے اپنی ایک پارٹی ورکرز کا وڈیو کلپ چلایا ۔ میں پوچھتاہوں کیا بھارتی شہری رومیتا شیٹھی، چرن جیت سنگھ کے بھی وڈیو کلپ چلائے۔ انہوں نے کہاکہ جب عمران خان کی چوری پوری قوم کو معلوم ہونے لگی تو انہوں نے الیکشن کمیشن میں تحریری درخواست دی کہ معاملے کو منظر عام پرنہ لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب آپ اتنے لاڈلے ہیں کہ فراڈ بھی کرتے ہیں اور منظرعام پربھی نہیں آنے دیتے ۔

عطاتارڑ نے کہاکہ عمران خان کو انصاف کے دہرے معیار کی عادت پڑ چکی ہے۔ انہوں نے اس کیس 8 سال تک زیرالتوارکھا۔ کبھی کسی عدالت اور کبھی کسی عدالت سے سٹے لے کے آتےتھے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنے دستخطوں شدہ 5 جعلی حلف نامے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے۔ آپ کے خلاف حقائق چھپانے پر قانونی چارہ جوئی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی چوری پکڑی جانے پروہ پارٹی کی چیئرمین شپ سے فوری مستعفی ہو جائیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی شہری رومیتاشیٹھی ، ویلر لال ، چرن جیت سنگھ اور بھارت واسرائیل اور امریکا میں مقیم یہودی شہریوں سے رقم لینے کے تانے بانے کشمیر کے سودے سےملتے ہیں۔ جب عمران خان امریکاکادورہ کر کے وطن واپس آئے اوربیان دیا کہ ورلڈ کپ جیتنےسے زیادہ خوشی ہوئی ہے ۔ان دورے کے چند دن بعد بھارت نے کشمیریوں کے حقوق سلب کئے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ عمران خان کے دورہ امریکاکے دوران ملاقاتوں کو منظر عام پر لایاجائے۔

عطا تارڑ نے کہاکہ عمران خان کی پارٹی کا وفداسرائیل گیا اور وہاں ملاقاتیں کیں ۔یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیرات کے پیسے کھاناآ پ کاپرانامشغلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک الیکشن کے دوران مختلف لابیز اپنے مقاصد کے حصول کے لئے اور من پسند پالیسی بنوانے کے لئے فنڈزفراہم کرتی ہیں۔ آپ بھی قوم کو آگاہ کریں کہ آپ نے کس ایجنڈے کے تحت غیر ملکیوں سے فنڈز وصول کئے۔ انہوں نے کہاکہ جعلی حلف نامے جمع کرانے والے کے خلاف فوجداری قانون کے تحت 7 سال قید کی سزااور بطور ممبر قومی اسمبلی نااہلی بھی ہوتی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کاتفصیلی جائزہ لے رہےہیں۔ قانونی ٹیم مشاورت کےبعد آئندہ کالائحہ عمل طے کرے گی۔ میں صرف اتنا بتانا چاہتا ہوں کہ اس فیصلے سے عمران خان کو نااہلی کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔آپ کی سیاسی جماعت ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ آج فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے حوالے سے جو گفتگو کی اس پرمایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عجلت میں فیصلہ آیا ہے ، 8 سال تک فواد چوہدری کی جماعت کافیصلہ تاخیر کاشکار ہوا ہے۔ وہ زمانہ چلاگیا جب آپ مرضی کے فیصلے لیا کرتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان یہ نہیں بتاسکا کہ بنی گالا محل کیسے بنایا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امپورٹڈ کہنے والے کے بچے امپورٹڈ ، مالی امداد امپورٹڈ اور ایجنڈا امپورٹڈ ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ملک دشمن افرادسے خیرات لے کر ملکی مفادکودائو پرلگایا ہے۔

عطاتارڑ نے کہاکہ عمران خان کے ملازمین کی جانچ پڑتال کی جائے ۔ چائے پلانے والے ، نائب قاصد اور باورچی کے اکائونٹ میں بھی پیسےآئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمدنوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دیاگیا ۔ اب 5جعلی حلف نامے پیش کرنےوالے کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں عطا تارڑ نے کہاکہ شاہ محمود قریشی بڑے پرامید ہو گئے ہیں کہ چیئرمین شپ ان کے گھر آرہی ہے۔