ملک دشمن عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان اور خطے میں امن و استحکام ہو، سیکیورٹی اداروں نے پہلے بھی دہشتگردوں کو شکست دی تھی،آئندہ بھی دیں گے، اسٹیٹ بینک بل کی منظوری وزیراعظم عمران خان کی ایک اور کامیابی ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

غیر یقینی صورتحال کو برقرار رکھنا، پاکستان کے مفاد میں نہیں ، الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری شفاف انتخابات کروانا ہے،مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات افسوسناک ہیں، ملک دشمن عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان اور خطے میں امن و استحکام ہو،

مسلح افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پہلے بھی عوام کے ساتھ مل کر دہشتگردوں کو شکست دی تھی اور آئندہ بھی شکست دیں گے،

افغان سرحد پر باڑ لگنے سے حالات میں کافی بہتری آئی ہے، ہماری کوشش ہے کہ سوفیصد باڑ لگانے کا کام جلد پایہ تکمیل تک پہنچے تاکہ شرپسند عناصر کو ملک میں داخل ہونے کا موقع نہ مل سکے، اسٹیٹ بینک بل کی منظوری سے وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف حکومت کو ایک بار پھر کامیابی ملی ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خصوصی دعوت پر دورہ چین پر جا رہے ہیں، دورے کے دوران ان کی چینی صدر اور دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں ہوں گی، ملاقاتوں کے دوران معاشی سکیورٹی، سٹریٹجک معاملات،

دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ، سی پیک، افغانستان اور مسئلہ کشمیر کی صورتحال سمیت علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بعض ممالک نے ونٹر اولمپکس گیمز کا بائیکاٹ کیا ہے، ہم چین کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے جا رہے ہیں،ہم کھیلوں کو سیاست سے بالاتر سمجھتے ہیں اور اس موقع پر بحیثیت حلیف اور سٹریٹجک پارٹنر چین کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے موجود ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ چین نے ہر مشکل اور آڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ ہر دفعہ ہم کوئی مطالبہ کرنے جاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ایسے منصوبوں کو فروغ دیں جس میں دونوں ممالک کو فائدہ ہو، معاشی تحفظ کو اب ہماری خارجہ پالیسی میں ایک خاص حیثیت حاصل ہے،

ہم دورہ چین کے دوران اکنامک انٹیگریشن کی بات کریں گے اور دیکھیں گے کہ ہم کسطرح اکنامک فٹ پرنٹ بڑھا سکتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بل کی منظوری میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی کا کلیدی کردار ہے،

پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن کی دیگر جن جماعتوں نے بھی جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں فیصلہ کیا سب کے مشکور ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف بلاول بھٹو دعوے کر رہے تھے کہ ہم کسی صورت بل پاس نہیں ہونے دیں گے لیکن وقت آنے پر سب غائب ہو گئے، یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں کہ انہیں تاخیر سے ایجنڈا ملا،

ملتان سے اسلام آباد آنے میں 5 گھنٹے لگتے ہیں، اگر وہ رات کو بھی نکلتے تو صبح پہنچ سکتے تھے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کا واضح موقف ہے کہ کسی کو بھی پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،

ہم بھی نہیں چاہیں گے کہ ہماری سرزمین بھی کسی کے خلاف استعمال ہو، ماضی میں بھارت دہشتگردوں کی مالی معاونت اور پشت پناہی کرتا رہا ہے، میں اس حوالے سے ڈوزیئر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل کے صدر اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کو پیش کر چکا ہوں اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی تحقیق کریں۔