ایبٹ آباد۔ 25 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہےکہ ملک دشمن گمراہ کن ٹولہ کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے،حکومت کی بانی تحریک انصاف سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ، خیبر پختونخوا کے حالات دوسرے صوبوں سے بدتر ہیں ، فارن فنڈنگ کی لڑائیاں خیبر پختونخوا میں چل رہی ہیں وزراء اس مال غنیمت سے حصہ مانگ رہے ہیں، یہ دھرنوں کے لئے پیسے تقسیم کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان ،سابق سپیکر قومی اسمبلی صوبائی جنرل سیکرٹری خیبر پختونخوا مرتضی جاوید عباسی ،سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ ،سابق امیدوار قومی اسمبلی وضلعی صدر ملک محبت اعوان جنرل سیکرٹری ذوالفقار جاوید عباسی ،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ملک ارشد اعوان ،سردار خالد ضلعی ترجمان ملک سہیل اعوان کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ضلعی و تحصیل کے عہدیداران اور بلدیاتی ممبران بھی موجود تھے ۔
وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ ہزارہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ اور گھر ہے۔جب بھی مسلم لیگ( ن )کو اقتدار ملا اس نے ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے ،ہزارہ موٹر وے بڑا منصوبہ ہے جو سب سے خوبصورت ہے ۔ہزارہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا قیام تھا، ہزارہ کے عوام ہمیشہ پورا بل دیتے ہیں لیکن اس کے مطابق ان کو سہولت میسر نہیں تھی ۔ ستمبر میں وزیر اعظم شہباز شریف اس کا افتتاح کریں گے، ایبٹ آبادا نٹر چینج کا افتتاح بھی کریں گے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گندم سیکنڈل ،معدنیات سیکنڈل ،جنگلات کا سیکنڈل خیبر پختونخوا حکومت کے ماتھے کا کلنک ہے۔
بی آر ٹی سیکنڈل کو بھی منطقی انجام تک نہیں پہنچایا گیا۔سیاسی بنیاد پر انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔صوبے اور مرکز میں چار سال ان کی حکومت تھی انہوں نے مرکز سے کتنی وصولیاں کیں ؟ان کو چاہے وہ صوبے کے امن امان کو ترجیح دیں ، سی ٹی ڈی کو مضبوط کریں۔خیبر پختونخوا میں کرپشن کو جائز قرار دیا ہے۔ کسی کو کوئی ڈر نہیں ہے ۔پوسٹنگ ٹرانسفر پر ریٹ مقرر ہیں۔خیبر پختونخوا کے حالات ملک کے دوسروں صوبوں سے بدتر ہیں۔ہسپتالوں میں ادویات نہیں ملتیں ۔صحت کارڈ میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے ۔ایک لاکھ کے علاج کے پانچ لاکھ وصول کرتے ہیں۔نوجوان تعلیم اور امن چاہتے ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ حکومت کی بانی تحریک انصاف سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ہے، عمران خان کو نومئی کا حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہزارہ سے مسلم لیگ نے اچھا مقابلہ کیا ،ان کو داد دیتا ہوں۔اے این پی پی ،جے یو آئی ،جماعت اسلامی کے حالات سب کے سامنے ہیں۔ مرکزی رہنما کیپٹن (ر )محمد صفدر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ہزارہ کے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دلوانے کے درخواست کی ہے۔ہزارہ میں سکی کناری ،پترینڈڈیم ،بھاشا ،داسو سمیت دیگر ڈیم ہیں اس کا ریلیف عوام کو دلوائیں گے۔سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہناتھا کہ ملک کو مشکل ترین حالات سے نکالا گیا ہے۔وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام نے ایبٹ آباد پریس کلب کیلئے 20 لاکھ کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا ۔