ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،پاکستان امن کا داعی ہے اور ہمیشہ امن کی بات کرتا ہے، ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہرکوئی اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں آرمڈ فورسز کے افسران و …

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،پاکستان امن کا داعی ہے اور ہمیشہ امن کی بات کرتا ہے، ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہرکوئی اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں آرمڈ فورسز کے افسران و جوانوں کی شہادت پر فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

کابینہ کے اجلاس میں بھی متفقہ طور پر آرمڈ فورسز کی قربانیوں اور وطن عزیز کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں لازوال ہیں،ایک ایک خاندان کا حوصلہ و عزم لازوال ہے۔ان کے حوصلے بلند ہیں،وہ وطن عزیز کے لئے جانوں کی قربانی دینے پر سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معمول کی کارروائی معطل کرکے اپنی آرمڈ فورسز اور عسکری اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں تاکہ آج اس ایوان سے یہ پیغام جائے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم متفقہ طور پر مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم سب یک زبان و یک جان ہیں اور اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس جنگ کے خلاف اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں جس کی جو ذمہ داری ہے وہ ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک کو بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور ہمیشہ امن کی بات کرتا ہے۔

اس سے پہلے بھی معرکہ حق میں اپنے دفاع میں جو کارروائی کی وہ پوری دنیا نے دیکھی۔آج سب کی متفقہ رائے ہے کہ آج کی کارروائی میں اپنی افواج اور اس جنگ میں شریک تمام اداروں کے ساتھ یہاں سے ایک یکجہتی کا پیغام دیں۔

 

مزید خبریں