اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):ملک سے ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 24 فیصدکی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کے اعدادوشما ر کے مطابق مالی سال 2024 میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے ملک کو 3.223 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 24 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2023 میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے ملک کو 2.596 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ جون 2024 میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 298 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 32 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جون میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کاحجم 225 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔ مئی کے مقابلہ میں جون میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی کمی ہوئی۔ مئی میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے 332 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو جون میں کم ہو کر 298 ملین ڈالرہو گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران خدمات کے شعبے کی مجموعی برآمدات کاحجم 7.806 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 3فیصد زیادہ ہے۔ مالی سا ل 2023 میں خدمات کے شعبہ کی مجموعی برآمدات کا حجم 7.596 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔