ملک مشکلات کا شکار ہے اپوزیشن حکومت سے مل کر قومی مفاد کیلئے کام کرے ثناء اللہ خان مستی خیل

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ خان مستی خیل نے کہا ہے کہ ملک انتہائی مشکلات کا شکار ہے، جمعیت علمائے اسلام کے قائد انتشار کی سیاست سے گریز کریں، اپوزیشن حکومت سے ملکر قومی مفاد کیلئے کام کرے ۔ یہ بات انہوں نے ”اے پی پی” سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ دھرنے کے نام پر اسلام آباد میں عوام کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان منتخب جمہوری حکومت کے سربراہ ہیں ، ان کو عوام نے ملک کو مشکلات سے نکالنے کا مینڈیٹ دیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمن کو عوام عام انتخابات میں مسترد کرچکے ہیں ۔ ثناء اللہ خان مستی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ملک کو بحران سے نکالنے کی کوششیں بارآور ثابت ہورہی ہیں ، مولانا سمیت اپوزیشن جماعتیں ملک وقوم کے مفاد کی خاطر وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیں۔