ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں دو ماہ کے دوران 24 فیصد اضافہ ریکارڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ کے دوران ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 494 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 399 ملین ڈالر کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026ء کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 316 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ سال اگست کے 175 ملین ڈالر کے مقابلے میں 80 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2026ء کے مقابلے میں اگست کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی میں ایف ڈی آئی کا حجم 179 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو اگست میں بڑھ کر 316 ملین ڈالر ہو گیا۔ دو ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ سے ملک میں سرمایہ کاری کے بہائو میں بہتری کی عکاسی ہو رہی ہے۔







