ملک میں صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے، کرنل شجاعت رانا

106
Judo Championship
Judo Championship

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):پاکستان جوڈو فیڈریشن کے چیئرمین اور کیپیٹل سمارٹ سٹی کے جنرل منیجر کرنل ریٹائرڈ شجاعت علی رانا نے کہا ہے کہ ملک میں صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز کیپیٹل سمارٹ سٹی کرکٹ گراؤنڈ میں جاری ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات اور وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے

کیپیٹل سمارٹ سٹی گراس روٹ سطح نئے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور ابھارنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی کیونکہ اس کے پاس مختلف مقامات پر کھیلوں انفراسٹرکچر اور کھیل کے انڈور اور آئوٹ ڈور میدان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ملک و قوم کا سرمایہ اور امن کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نےکہاکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر رکھا ہے۔ افتتاحی میچ شان کرکٹ کلب نے جنون کرکٹ کلب کو 4 رنر سے ہرا دیا۔

شان کرکٹ کلب کی طرف سے ذیشان فرید 99 رنز اور جنون کرکٹ کلب کی جانب سے فرحان علی 98 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے کیپیٹل سمارٹ سٹی سپورٹس برانچ کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔