ملک میں صنعت کاری کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں ،موجودہ حکومت نے صنعتی شعبہ کو مراعات دی ہیں، وزیراعظم عمران خان

کراچی۔10دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں صنعت کاری کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے صنعتی شعبے کو فروغ دیا۔ اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز PVC-III کی گورنر ہائوس میں جمعہ کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے بنیادی طور پر ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی پر توجہ دی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ملک کی آبادی بھی بڑھی جس کے نتیجے میں وسائل کی طلب میں اضافہ ہوا، آبادی میں اضافے کی وجہ سے ملک وہ اشیا درآمد کرنے پر مجبور ہو گیا جو پہلے کبھی درآمد نہیں کی گئیں، موجودہ حکومت نے ملک کی زرعی پیداوار بڑھانے پر توجہ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا، بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں ملک کے صنعتی شعبے کو نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں برآمدات کو فروغ دیا جاتا جس طرح موجودہ حکومت نے اس شعبے کو مراعات دی ہیں تو ملک کو معاشی بحران کا سامنا نہ کرنا پڑتا، موجودہ حکومت کے دور میں ملکی برآمدات میں زبردست اور تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں درآمدات کے متبادل پر توجہ دینے کے ساتھ درآمدات کو کم کرنے پر بھی بھرپور کام کر رہی ہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ، اراکین صوبائی اسمبلی، ممتاز کاروباری شخصیات اور اینگرو کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔