ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.56 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 4.07 فیصد کا اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.56 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 4.07 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 2 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کے لئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 332.17 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے میں 330.32 اور …

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.56 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 4.07 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 2 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کے لئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 332.17 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے میں 330.32 اور گزشتہ سال اسی تاریخ کو 319.17 پوائنٹس تھا۔ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی 12 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اس کے برعکس 19 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران چکن کی قیمت میں 7.96 فیصد، کیلا 0.78 فیصد، دال چنا 0.67 فیصد، گڑ 0.59 فیصد، آلو 0.43 فیصد، ایل پی جی 0.42 فیصد، انڈے 0.41 فیصد، پانچ لیٹر کوکنگ آئل 0.30 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 0.29 فیصد کی کمی ہوئی۔

اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 46.44 فیصد، پٹرول 1.72 فیصد، ڈیزل 1.45 فیصد، لہسن 1.41 فیصد، پیاز 1.22 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر 0.72 فیصد، مٹن 0.59 فیصد، بیف 0.41 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 0.22 فیصد، دہی 0.19 فیصد، پرنٹڈ لان 0.17 فیصد اور جارجٹ کی قیمت میں 0.07 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.82 فیصد کا اضافہ ہوا، 17733 روپے سے لے کر 22888 روپے، 22889 روپے سے لے کر 29517 روپے، 29518 روپے سے لے کر 44175 روپے اور اس سے زیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.76 فیصد، 0.61 فیصد، 0.57 فیصد اور 0.49 فیصد کا اضافہ ہوا۔ صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی پچاس مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔