ملک میں عالمی معیار کی پوسٹل سروسز فراہم کی جائیں گی ، عوام کی حقیقی خدمت ہی ہمارا اولین مشن ہے، وفاقی وزیر مواصلات

راولپنڈی۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا ہے کہ محکمہ ڈاک کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں، مستقبل میں ملک میں عالمی معیار کی پوسٹل سروسز فراہم کی جائیں گی کیونکہ عوام کی حقیقی خدمت ہی ہمارا اولین مشن ہے، اس کے لئے محکمہ ڈاک کو نئے اور جدید خطوط پر عوام کی خدمت کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوجنرل پوسٹ آفس (جی پی او)راولپنڈی کے اچانک دورہ کے موقع پر صارفین اور عملہ کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات کیپٹن (ر) محمد خرم آغا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کا مقصد پوسٹل صارفین کی مشکلات کا حقیقی ادراک کرنا اور اس کی روشنی میں پوسٹل سروسز کو بہتر بنانے کا لائحہ عمل طے کرنا تھا۔ وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز نے راولپنڈی جی پی او کے مختلف شعبوں کے دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود صارفین اور عملہ کے اراکین سے مصافحہ بھی کیا اور بات چیت کے دوران ان میں گھل مل گئے ۔ انہوں نے نہ صرف جی پی او میں موجود صارفین اور عملہ کے مسائل سنے بلکہ ان کے فوری حل کے لئے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو خصوصیاحکامات بھی جاری کئے۔

انہوں نے پوسٹل صارفین کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ محکمہ ڈاک کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ملک میں عالمی معیار کی پوسٹل سروسز فراہم کی جائیں گی کیونکہ عوام کی حقیقی خدمت ہی ہمارا اولین مشن ہے۔

اسعد محمود نے کہا کہ اس مقصدکے لئے محکمہ ڈاک کو نئے اور جدید خطوط پر عوام کی خدمت کرنا ہوگی، جس کے لئے پوسٹل سروسز کی عوامی خدمات کے جدید طریقے اپنائیں جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جنرل پوسٹ آفس میں آنے والے صارفینکو زیادہ سے زیادہ اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔