اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم، رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں معیار تعلیم کی بہتری پر خصوصی توجہ ہماری اولین ترجیح ہے، ملک بھر کے اساتذہ کو تربیت دے کر تعلیم کا معیار بلند کریں گے، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا معیاری تعلیم میں پورے ملک میں سرفہرست آنا خوش آئند ہے جس پر وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور یونیورسٹی کے تمام اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تعلیم، رانا تنویر حسین نے یونیورسٹی کے شیخوپورہ ریجنل کیمپس کے اکیڈیمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم عام کرنے، اساتذہ کی تربیت اور معیاری تعلیم کی بہتر ی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں تعلیم کا کلیدی کردار ہوتا ہے اور ہمیں میرٹ، شفافیت اورمعیار پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرناصر محمود کا شمار پاکستان کے بہترین ماہرین تعلیم میں ہوتا ہے اور ان کی سربراہی میں اوپن یونیورسٹی پورے ملک میں تعلیم کی ترویج کررہی ہے، امید ہے ان کاوشوں سے سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں بھی واضح کمی نظر آئے گی۔ انھوں نے اوپن یونیورسٹی کے شیخو پورہ کیمپس کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ علاقے کے ضرورت مند بچوں کو تعلیم گھر کی دہلیز پرحاصل کرنے کی سہولت میسر ہوسکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی تعلیمی نیٹ ورک میں توسیع اور کیمپس کی عمارتیں تعمیر کرنے کی مشن پر گامزن ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی مختلف اداروں کے تعاون سے آئوٹ آف سکول بچوں کوبھی تعلیمی نیٹ ورک میں لارہی ہے۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم کی خواہش کے پیش نظر 80 فیصد سے زیادہ نمبر لینے والے طلبا وطالبات کو اوپن یونیورسٹی مفت تعلیم فراہم کرے گی اور اس کے علاوہ علاقے کے مستحق طلبا کیلئے اسکالرشپس کی مد میں خصوصی فنڈ بھی مختص کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر ناصر نے نارنگ منڈی میں امتحانی مرکز قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر شاہد سرویا، ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان، اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر شیخو پورہ، جاوید اقبال،سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور تعلیم کے میدان میں اوپن یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا۔