اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں ٹینس سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول اور ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں،ٹینس مقابلوں میں بیرون ملک سے کھلاڑیوں کی شرکت سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوانٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن جونیئر لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اعصام الحق کی ٹینس کے میدان میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو دنیا میں متعارف کروایا،اعصام الحق نےپاکستان کا حقیقی مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ 12ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی بحالی کےلئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کےلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ٹینس کے میدان میں فیڈریشن کو جو تعاون درکار ہوگا فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کئے جارہے ہیں،ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس میں ٹینس کو بھی شامل کریں گے،21نومبر سے سپورٹس کا بڑا ایونٹ ’’یونیورسٹی اولمپیاڈ ‘‘شروع ہونے جارہا ہے۔اس کے آئندہ ایونٹ میں ٹینس کو بھی شامل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مثبت خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں،ملکی معیشت بہتری کی جانب جارہی ہے،سٹاک ایکسچینج نے 95ہزار پوائنٹس کا ریکارڈ قائم کیا ہے،مہنگائی میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافہ ہواہے،غیر ملکی سرمایہ کاری دوبارہ پاکستان آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں ہم نے ترقی کرنی ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔