کراچی۔ 02 ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے ملک میں ٹی بی مرض کی موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا مالکان پر زور دیا کہ وہ ملک سے تپ دق (ٹی بی) کے مرض سے نجات کیلئے آگاہی مہم شروع کریں،بدقسمتی سے یہ مرض اب بھی پاکستان اور افغانستان میں موجود ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں تپ دق کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں میں ٹی بی سے متعلق بیداری پیدا کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہو گا، میڈیا مالکان اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انیق احمد نے کہا کہ عوام کو ٹی بی سمیت دیگر بیماریوں سے آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور معاشرے میں ہر چیز کو کمرشل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کی وجہ سے ان کی اوسط عمر میں اضافہ ہو رہا ہے،پاکستان کوبھی وہ ملک بنایا جا سکتا ہے جہاں لوگ صاف ستھرے ماحول میں سانس لے سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔