ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، میاں معین وٹو

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں معین وٹو نے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبے پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں معین وٹو نے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبے پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی وزرا کے ہمراہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے دورے کے موقع پر میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہا کہ پاکستان کو ایک جانب سیلابی صورتحال تو دوسری جانب پانی کی قلت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ فوڈ سکیورٹی کا معاملہ بھی اہم نوعیت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام چیلنجز ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اس لئے پانی کے وسائل کا موثر انتظام ناگزیر اور ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ میاں معین وٹو نے مختلف آبی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم بڑا منصوبہ ہے جس میں 6.4 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے،داسو منصوبہ بھی اہم نوعیت کے آبی منصوبوں میں شامل ہے جبکہ مہمند ڈیم میں تقریباً ایک ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی، ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ پانی کی فراہمی بھی بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا کے فور منصوبہ بھی اہم نوعیت کا حامل ہے جو رواں سال کے اختتام یا آئندہ سال تک مکمل ہو جائے گا جس سے شہر میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔