ملک میں کراٹے کھیل کی ترقی کے لئے فیڈریشن دن رات کوشاں ہے، اعجازالحق

165

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر اعجازالحق نے کہا ہے کہ ملک میں کراٹے کے کھیل کی ترقی کے لئے فیڈریشن دن رات کوشاں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کلر سیداں میں اسلام آباد کراٹے چیمپن شپ کے اختتام پرسرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کراٹے کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئرمین محمد جہانگیر اور ان کی ٹیم دن رات کوشاں ہے اور پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ان کو زیادہ سے زیادہ تربیت اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی نے بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس دسمبر میں نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں بھی پاکستان نے دیگر کھیلوں کی نسبت کراٹے میں سب سے زیادہ 19 میڈلز حاصل کئے۔ ایک سوال کے جواب میں اعجاز الحق نے کراٹے کا کھیل مارشل آرٹس کھیل ہے اس کھیل میں چھوٹے بچے اور بچیاں بڑے شوق سے حصہ لے رہے ہیں لیکن اب اس کھیل کے مقابلےسکول اور کالجز کی سطح پر بھی کھیلے جارہے ہیں۔