اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخاں نے کہا ہےکہ ملک میں کھیلوں کا مستقبل روشن ہے، وزیراعظم نوجوانوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، کھیلوں سے سفارشی کلچرل کا خاتمہ یقینی بنائیں گے ، ارشد ندیم سینٹرآف ایکسیلنس کے لیے مختص فنڈز پر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ جلد اجلاس ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے صدر ابوبکر بن طلعت کی قیادت میں رسجا وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ انفراسٹرکچر، ڈیپارٹمنٹل سپورٹس، ٹیلنٹ ہنٹنگ کے حوالے سے کام کر رہے ہیں ،یوتھ پروگرام کے تحت رواں سال نومختلف کھیلوں میں پلیئرز ڈویلپمنٹ پر کام ہو رہا ہے ، ہمارے پاس بہت ٹیلنٹ ہے، ہمیں اسے میرٹ پر آگے آنے کے مواقع دینا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ارشد ندیم سینٹرآف ایکسیلنس کے لیے مختص فنڈز پر جلد اجلاس ہوگا ،حکومت نے ارشد ندیم سینٹرآف ایکسیلنس کے لیے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں جس پرپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ماسٹر پلان تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا سسٹم درست کر رہے ہیں ، ٹیلنٹڈ پلیئرز کو آگے لانے کے لیے اکیڈمیاں فراہم کریں گے ، ماضی میں جس سپورٹس کلچر کا پنجاب میں آغاز کیا تھا اسے جاری رکھنا چاہیے تھا۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، حکومت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔