اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ملک میں کھیل کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز کی خدمات کے بغیر ترقی نہیں پا سکتیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کو ایک استاد کا درجہ حاصل ہے اور ان کی خدمات ریڈھ …
ملک میں کھیل کھلاڑیوں اور کوچز کی خدمات کے بغیر ترقی نہیں پا سکتیں، میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ملک میں کھیل کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز کی خدمات کے بغیر ترقی نہیں پا سکتیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کو ایک استاد کا درجہ حاصل ہے اور ان کی خدمات ریڈھ کی ہڈی کی حثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنشنل سطح پر کھیلوں میں نتائج حاصل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنی ہوگی اور اس کے ساتھ کوچز کو بھی ایمان داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دینے ہونگے۔ ارشد ندیم کا اولمپک گیمز کے لئے کوالیفائی کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اکرم ساہی نے کہا کہ یہ ارشد ندیم کے لئے بہت اچھا موقع ہے کہ اس کو تربیت حاصل کرنے کے لئے مزید ایک سال کا وقت مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز آئندہ برس 24 جولائی سے جاپان/ٹوکیو میں کھیلی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی بہت خوش قسمتی ہے کہ اس کو بھرپور محنت کرنے کا ایک سنہری موقع ملا ہے اور پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ اکرم ساہی نے امید ظاہر کی ہے کہ ارشد ندیم محنت کر کے جاپان کی سرزمین پر اولمپک گیمز میں پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبائ سے قبل میں خود ارشد ندیم کے لئے لاہور میں لگائے گئے تربیتی کیمپ کے دوران اس کی تربیت کا جائزہ لیتا رہا ہوں اور اس دوران ارشد ندیم اپنی تھرو کی کارگردگی کو بہتر بنا رہا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث اس کو گھر تک محدود ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وبائ سے تحال چھٹکارہ تو کسی کے بس کی بات نہیں تاہم دنیا میں اس پر کام ہو رہا ہے۔ ہم اپنی رب تعالی سے دعا گو ہیں کہ رب تعالی ہم پر کرم نوازی فرمائیں۔ کوچز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کا قومی کوچ سید فیاض حسین بخاری بھی کسی سے کم نہیں بلکہ ان کی زیرنگرانی ارشد ندیم نے گذشتہ برس نیپال میں کھیلی گئی ساﺅتھ ایشین گیمز میں29۔86 میٹر پر جیولین تھرو پھینک کر ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈلز حاصل کرکے اولمپک گیمز کے لئے کوالیفائی کیاتھا اور ہماری کوشش ہے کہ وہ 90 میٹر تک تھرو کو بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش تھی کہ قومی کوچ سید فیاض حسین بخاری کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کوچ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں یا ارشد ندیم کو فن لینڈ تربیت کے لئے بھیجا جائے لیکن کرونا وائرس کے باعث تمام سرگرمیاں ترک کرنی پڑیں، اب ایک سال کا عرصہ مل گیا ہے اور دنیا میں کرونا وائرس کی وبائ ختم ہوتے ہی ارشد ندیم کے لئے غیر ملکی کوچ کو پاکستان بلایا جائے گا یا پھر اس کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائےگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے قبل ارشد ندیم چین میں تربیت کررہا تھا لیکن کورونا وائرس کی چین میں وبائ پھیلنے سے وہ اپنی تربیت کو جاری نہ رکھ سکا اور ملک واپس آنا پڑا۔








