لاہور۔25اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک کو حقیقی معنوں میں مضبوط بنانے کے لیے بین الصوبائی ہم آہنگی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر قاسم ضیا کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر چوہدری اعتزاز احسن، سابق صوبائی وزیر اکرام ربانی، ایم این اے نور عالم خان، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما عبدالقادر شاہین ،نوید چوہدری ،حافظ غلام محی الدین اور ڈاکٹر رفیق خان بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں نئی نہروں کی تعمیر سے متعلق فیصلہ بھی شامل تھا۔
شرکا ءنے حکومت کے اس فیصلے کو سراہا کہ اب کوئی بھی نئی نہر باہمی مشاورت اور کونسل آف کامن انٹرسٹ (سی سی آئی) کی منظوری کے بغیر تعمیر نہیں کی جائے گی۔ اس فیصلے کو ایک دانشمندانہ اقدام قرار دیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان حالیہ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہروں کی تعمیر سے متعلق حالیہ فیصلے نے صوبوں کے درمیان ممکنہ منفی تاثرات کو ختم کرنے میں مدد دی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588081