ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کے راستہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمارے نوجوان بھرپور صلاحیتوں کے حامل ہیں ،سپیکر قومی اسمبلی

211
ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کے راستہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمارے نوجوان بھرپور صلاحیتوں کے حامل ہیں ،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ نوجوان طلبہ و طالبات ہمارے مستقبل کے معمار اور ضامن ہیں، ہمارے نوجوانوں نے قائد اعظم ، علامہ اقبال اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان بننا ہے، ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے ہمارے نوجوان بھرپور صلاحیتوں کے حامل ہیں، ہمارا مذہب سب کیلئے تعلیم کے حصول پر زور دیتا ہے۔

ہفتہ کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نمل یونیورسٹی کے 16 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے 14 سال ایجوکیشن کے ساتھ گزارے،استاد ہی معاشرے میں انسانوں کی قسمت بدلنے میں بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے،میرے والد کی خواہش تھی کی میں استاد بنوں،میری بنیادی خواہش تھی کی میں سیاستدان بنوں۔

اسد قیصرنے کہا کہ قوموں کے مستقبل سنوارنے میں استاد کی شخصیت اولین کردار ادا کر سکتی ہے،انسان کی زندگی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اس کا وژن بنیادی اہمیت کا حامل ہے،بڑا ٹارگٹ ہی انسان کو کامیابیوں کے زینے چڑھتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انسان کی زندگی کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ وہ ملک اور قوم کے لیے کچھ کر گزرے،ہمارے نوجوانوں نے کل کا قائد اعظم، علامہ اقبال اور ڈاکٹر عبد القدیر خان بننا ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نوجوان طلبہ و طالبات ہی ہمارے مستقبل کا ضامن ہیں، جو قومیں اپنے مشن کو حاصل کرنے کے لیے اپنا آج کا کام کل پر نہیں چھوڑتی وہ کبھی ناکام نہیں ہوتی ہیں۔

ہمارے ملک کو اللہ تعالی نے بے پناہ نعمتوں سے مالا مال کیا ہے ان نعمتوں سے استفادہ حاصل کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی پر گامزن کرنے کے لیے ہمارے نوجوان بھرپور صلاحیتوں رکھتے ہیں، ہمارے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھر میں عزت اور وقار حاصل ہے،

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کی مختلف شعبوں میں کامیابیاں قابل ستائش ہیں، نوجوانوں کو عالمی معیار کے کامیاب اور چیمپئن بننے کے لیے صرف رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، پاکستانی خواتین با صلاحیت ہیں اور انہوں نے خود کو قابل تقلید ماڈل ثابت کیا ہے،اسلام سب کے لیے تعلیم کے حصول پر زور دیتا ہے، ہمارے نوجوانوں کو تعلیم دینے میں یونیورسٹیوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حکومت خاص طور پر نوجوانوں کی حالت زار کو بہتر بنانے اور انہیں ہنر مند بنانے پر توجہ دے رہی ہے، قوم کی تقدیر بدلنے کے لیے محنت اور مستقل مزاجی کی عادت ناگزیر ہے، ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد اب کامیاب طلبا پر منحصر ہے کہ وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے عملی طور پر اپنا کردار ادا کریں، بدلتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا دور ہے اور جدید دنیا میں ترقی کے لیے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے۔