لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، ملک کو عظیم بنانے کے لیے قائد کے اصولوں کو اپنانا ہو گا، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، دشمن ملک میں انتشار پیدا کر کے ہماری سرحدوں کو کمزور کرنا چاہتا ہے، محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنا کر ناقابل تسخیر بنایا اب معاشی قوت بنائیں گے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لاہور میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت، کرسمس اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رانا مشہود احمد نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کی الگ شناخت اور سیاسی سمت کا تصور دیا، ہمیں متحد ہو کر قائداعظم کی تعلیمات پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرنا اور ترقی کے لیے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا،آج کے دن قائد محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے وقت ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کی خوشحالی کے دشمنوں کا راستہ ہم مل کر روکیں گے اوراس ملک کی ترقی کے لئے دن رات کوشش کریں گے۔
چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ پاکستان اتنی آسانی سے حاصل نہیں ہوا، اس کے لیے بہت سی قربانیاں دی گئیں، یہ ملک ایک نظریہ کے تحت معرض وجود میں آیا، دشمنوں کو پتہ لگ گیا کہ اب ماضی کی طرح پاکستان کے اوپر جنگ مسلط نہیں کی جا سکتی تو پھر پاکستان پر اندر سے حملہ کیا گیا ،میر جعفر اور میر صادق پاکستان میں پیدا کیے گئے ،آج ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ ہم اپنے نظریئے کو بھول جائیں،دشمن ملک میں انتشار پیدا کر کے ہماری سرحدوں کو کمزور کرنا چاہتا ہے،دشمن بار بار ہماری سرحدوں کے محافظوں پر انگلیاں اٹھاتا ہے،یہ ملک سدا سلامت رہنے کے لیے بنا ہے،
ہماری فوج کے نوجوان ملک کے لیے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کی فوج کمزور ہو وہاں کوئی بھی بارڈر کراس کرنے کی جرات کر لیتا ہے جس طرح، یمن، شام اور دیگر دنیا میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کا احسان ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنوایا،نواز شریف نے جلاوطنی قبول کرلی اپنی حکومت کا خاتمہ کرلیا لیکن اپنے ملک کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی۔رانا مشہود احمد نے کہا کہ کبھی بشریٰ بی بی ، کبھی فرح گوگی کبھی دوسرے نالائقوں نے پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں ڈبودیا ،
پہلے بھی ملک کو آئی ایم ایف سے نواز شریف نے چھٹکارا دلوادیا تھا،پاکستان دنیا کی بیس بڑی معیشتوں میں سے ایک بننے جارہا تھا لیکن ایک شب خون مار کر منتخب حکومت کو ختم کر کے نالائق خان حکومت پر مسلط ہوگیا، جب ان نالائق لوگوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب کر دیا تو اس وقت بھی قائد محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف پاکستان کو بچانے آئے،ہم نے فیصلہ کیا پاکستان سے زیادہ کچھ اہم نہیں ،کڑوا گھونٹ بھرا پاکستان کیلئے میدان میں آئے اور دوبارہ پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے قربانی دی، پاکستان کے لئے ہماری جانیں ہزاروں بار قربان ہیں،پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے آخری حد تک لڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، دوست ممالک کے ساتھ معیشت کی بہتری کیلئے کئی معاہدے کرچکے ہیں،
وزیر اعظم محمد شبہاز شریف نے دنیا بھر میں مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کی آواز بلند کی،جلد بیرونی سرمایہ کاری ملک میں آ رہی ہے،ملک میں میگا ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتشاری ٹولہ کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،آج پھر ملک کو گھر کے اندر سے کمزور کرنے کی ناکام سازش کی جارہی ہے، 9مئی اور 24نومبر کے واقعات کر کے ان کی جو پلاننگ تھی وہ پاکستان کو شام،لیبا اور مصر جیسا ملک بنانا مقصود تھا، ان کو صرف اقتدار چاہیے،ہم نے جمہوریت کے لیے جیلیں کاٹیں لیکن ریاست کو نقصان نہیں پہنچایا، میں ان عناصر کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،
کسی کو ملکی ترقی کے سفر کو روکنے کی مزید اجازت نہیں دی جا سکتی ،بہت ہو چکا اب کسی کو ملک کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ہمیں آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دینا ہے ۔انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں، ہمسایہ ملک بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھا جا رہا ہے، وہاں اقلیتوں کو مذہبی آزادی تک حاصل نہیں لیکن ہمارے قومی پرچم میں بھی سفید رنگ ان اقلیتوں کی واضح نمائندگی کرتا ہے،
ان کو برابری کے حقوق حاصل ہیں،اقلیتی برادری ہمارے بھائی ہیں آج کے دن ہم ملک جل کر اس ملک کی ترقی کے لیے دن رات کام کرنے کا عہد کرتے ہیں۔اس موقع پر اجتماعی کیک کاٹا گیا جبکہ مسلم لیگ(ن)کے رہنمائوں،عہدیداروں اور ورکرز کی بڑی تعدا داس موقع پر موجود تھی۔