ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا نے والے ٹیکس چور وں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، عاطف اکرام شیخ

141
atif-ikram-sheikh
Atif Ikram Sheikh

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ جو ٹیکس چوری کر کے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں ان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جاری بیان میں کیا ۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف بی آر کا ٹیکس شارٹ فال ٹیکس نظام میں اصلاحات کے ذریعے پورا کیا جائے،حکومتی معاشی ٹیم کوریونیو شارٹ فال کم کرنے کیلئے طویل المدتی اقدامات اٹھانے چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی حالیہ کوششوں کی بدولت کاروباری فضا بہتر اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ملک میں بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے ۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات، نظام کو آسان اور فعال بنانے سے مزید افراد ٹیکس نیٹ میں شامل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کے تسلسل کے لئے حکومت بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دے۔