ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا قومی کتاب میلہ 22اپریل سے شروع ہو گا،عرفان صدیقی دلچسپ اور معلوماتی پروگرام، کتاب خوانی ، نامور شخصیات سے ملاقات ، بُک اسٹالزاور طلبہ وبچوں کے لیے دیگر کئی پروگرام شامل

353

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) ملکی تاریخ کاسب سے بڑا ”ساتواں قومی کتاب میلہ 2016ئ“ نیشنل بُک فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام 22اپریل سے پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں ملک بھر سے معروف علمی و ادبی شخصیات،سفیرانِ کتاب، شائقینِ کتب ، دانشو ر ، معروف لکھاری شعراء، نامور فنکار ، سکولوں کے طلبہ و طالبات اور یونیورسٹیوں سمیت ہر شعبہ¿ حیات سے کتاب دوست اور علم دوست لوگ بہت بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ یہ بات مشیرِ وزیر اعظم برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ اور نیشنل بُک فاﺅنڈیشن کے افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ 22اپریل کو ”قومی یومِ کتاب“ کے حوالے سے منعقدہ سہ روزہ کتاب میلے کے افتتاحی اجلاس میں ملک کی اہم قومی شخصیت کی شرکت متوقع ہے ۔اس مرتبہ میلے میں پاکستان کے دوست ملک چین کو گیسٹ آف آنر کنٹری قرار دیا گیا ہے اور پاکستان پوسٹ کی طرف سے 22 اپریل کو قومی یومِ کتاب کے حوالے سے این بی ایف کا یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا ہے ۔