ملک کی تیزرفتارترقی اورزرعی پیداوارمیں اضافہ کیلئےاہم آئی ٹی پرمبنی جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے،صدرمملکت کالاہور چیمبرکی اچیومنٹ ایوارڈزکی تقریب سے خطاب

173

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی تیز رفتار ترقی اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے اہم آئی ٹی پر مبنی جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے، تحقیق اور ترقی میں سرمایہ کاری، زرعی اور صنعتی پیداوار میں اضافہ، نوجوانوں خاص طور پر خواتین کو مارکیٹ پر مبنی مہارت اور علم کی فراہمی کے نتیجے میں پاکستان ترقی کی منازل تیزی سے طے کرسکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب میں خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی، لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سماجی کارکنوں، مخیر حضرات، لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ کاروباری اور صنعتی شعبوں میں خواتین کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں تاکہ ان کے اپنے خاندان کی خواتین کے ساتھ ساتھ دیگر خواتین ورکرز بھی ملک کے کاروباری اور اقتصادی شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے خود کو محفوظ محسوس کریں۔

انہوں نے لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ان اہل خواتین کیلئے آن لائن کاروبار اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا مشورہ بھی دیا جو بعض وجوہات کی بناء پر گھر سے کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔صدر مملکت نے کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر معاشی ترقی کاحصول ممکن نہیں۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور خواتین کو کاروبار میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کیلئے ایل سی سی آئی کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری میں معاون پالیسیوں کا تسلسل، کاروباری امور اور معاملات میں ہر سطح پر مشاورتی فیصلہ سازی کا عمل، کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانا، جدت اور بہترین ترقی کیلئے کاروباری افراد کا جذبہ ملک کے مالی اور اقتصادی استحکام کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کو مستقبل کے معاشی طور پر مضبوط بنانے اور تیز رفتار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ صدر مملکت نے خواتین پر زور دیا کہ وہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی مثال پر عمل کریں جو ایک آزاد کاروباری، تاجر اور کاروباری خاتون تھیں۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ملک کے کاروباری اور معاشی شعبوں میں بھرپور اور فعال کردار ادا کرکے اپنا مقام حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کاروباری اور صنعتی شعبہ اس وقت تیزی سے ترقی کرے گا جب ہم انہیں بدعنوانی سے پاک، محفوظ اور اخلاقیات پر مبنی کاروباری ماحول فراہم کریں گے۔ انہوں نے دستاویزات اور نظام و عمل کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہم کاروباری تجارت اور سرمایہ کاری کے معاملات کو قانون کے مطابق حل کریں اور اس کے ذریعے معیشت میں زیادہ شفافیت لائی جاسکتی ہے۔اس موقع پر لاہور چیمبر اینڈ کامرس کے نمائندوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی مسلسل سرپرستی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر کے مشورے پر چیمبر کاروباری اور صنعتی شعبے میں خواتین کی شمولیت کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کیلئے ٹیکس وصولی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے تاجروں کی فعال تنظیم ہے اور ملک کے بڑے برآمد کنندگان بھی اس کا حصہ ہیں۔ میاں نعمان کبیر نے ایوان صدر میں تقریب کے انعقاد پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اظہار تشکر کیا۔ تقریب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیر اور نائب صدر حارث عتیق نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 100 سال مکمل ہونے کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف کمپنیوں، کاروباری اداروں اور چیمبر کے نمائندوں کو نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈ دیئے۔