فیصل آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا ہے کہ ملکی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے زرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے سکل ڈویلپمنٹ سینٹرکے زیراہتمام ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے زرعی ماہرین کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ غذائی استحکام کے اہداف کو پورا کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں حاصل کی گئی ایک مہینے پر محیط ٹریننگ سے محکمہ زراعت کے افسران کی نہ صرف کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ غذائی تحفظ کے حصول کے لئے بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
ڈاکٹر محمود احمدنے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں جدید رحجانات کے بارے محکمہ پنجاب زراعت کے افسران کی ترقی کے لئے لازمی تربیت فراہم کی جاتی ہے جس میں انہیں زراعت اور دیگر امور پر تربیت فراہم کرنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے ہی مستحکم معیشت کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔