ملک کی معاشی ترقی میں ذرائع آمدورفت کا کردار اہم ہے،گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں ذرائع آمدورفت کا کردار اہم ہے۔ذرائع آمدورفت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں ذرائع آمدورفت کا کردار اہم ہے۔ذرائع آمدورفت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریلوے اکیڈمی کے پروبیشنری آفیسرز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریلوے اکیڈمی والٹن محمد حنیف گل کی قیادت میں گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ڈی جی ریلوے اکیڈمی نے گورنر پنجاب کو دورے کے مقاصد سے آگاہ کیا۔

پاکستان ریلوے کی بہتری کیلئے جاری اہم منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ذرائع آمدورفت کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا زینہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں ذرائع آمدوفت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ٹھوس اور جامع پالیسی اپنانا ہوگی۔ عوام کو پر سکون سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کا سفر بہت شاندار،محفوظ اور پر سکون ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ریلوے کے موجودہ نظام میں بہتری کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ عوام کے سفری سہولیات کو مزید بہتر کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی جی ریلوے اکیڈمی نے گورنر پنجاب کو اکیڈمی کے دورے کی دعوت بھی دی۔اس موقع پر ریلوے افسران کو تاریخی گورنر ہائوس کا تفصیلی دورہ بھی کروایا گیا۔

مزید خبریں