سپیکر قومی اسمبلی کی راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

سپیکر قومی اسمبلی کی راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (RISJA) کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔ بدھ کو ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے ابو بکر بن طلعت کو صدر، ذوالفقار بیگ کو سینئر نائب صدر، زاہد اعوان اور اصغر علی مبارک کو نائب صدور، امبرین علی کو جنرل سیکرٹری، زیشان قیوم کو سینئر جوائنٹ سیکرٹری، اویس لطیف اور عقیل انجم کو جوائنٹ سیکرٹریز، اور ناصر عباس نقوی کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی، اور ساتھ ہی تمام گورننگ باڈی کے اراکین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور لگن کے ساتھ ادا کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے نو منتخب قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے نئی قیادت اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور لگن کے ساتھ انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹس ملک میں کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کی ترقی سے متعلق مسائل کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اسپورٹس جرنلسٹس کی جانب سے کھیلوں کے حوالے سے مثبت رجحانات کو فروغ دینے اور ذمہ دار صحافت کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری صحافت معاشرتی شعور اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

سپیکر نے امید ظاہر کی کہ RISJA کی نو منتخب باڈی صحافتی اخلاقیات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ RISJA جیسے ادارے کھیلوں سے وابستہ فریقین اور میڈیا کے درمیان ایک اہم پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔