ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان کیلئے ”صاف ہوا“ کا جامع پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے خاص طور پر انڈسٹری کو متحرک اور قابل عمل فیصلے کرنا ہوں گے
ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان کیلئے صاف ہواکا جامع پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے، عاصم جعفری

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 01 جولائی (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان کیلئے ”صاف ہوا“ کا جامع پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے خاص طور پر انڈسٹری کو متحرک اور قابل عمل فیصلے کرنا ہوں گے۔ یہ بات فیئر فنانس پاکستان کے کنٹری پروگرام لیڈ عاصم جعفری نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہوا آلودہ کرنے میں ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعتیں شامل ہیں۔ پالیسی قوانین اور عملی اقدامات میں تفاوت کی وجہ سے اِن پر قابو پانامشکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس خلا کو پُر کرنے کیلئے فیئر فنانس پاکستان سویڈن کی حکومت، ہمہ جہتی اداروں اور کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ صنعت پر ہے تاکہ مالی امداد سے صنعتی شعبہ کو ماحول دوست نظام کی طرف منتقل کیا جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں پریزنٹیشن بھی دی۔
اس سے قبل مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کا تعارف کرایا اور بتایا کہ یہاں قائم مختلف قسم کی صنعتیں ملکی معیشت اور برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو برآمدات کے سلسلہ میں کمپلائنسز کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ گرین کمپلائنس، ماحولیاتی تحفظ، کلائمیٹ چینج، کاربن کے اخراج میں کمی، ری سائیکلنگ اور سرکلر اکانومی جیسے موضوع اب عالمی تجارت کا اہم حصہ بن چکے ہیں اورہماری صنعتوں کو بھی خود کو اِن کے مطابق ڈھالنا ہوگا تاکہ برآمدات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہ سکے۔ انہوں نے اس آگاہی سیشن کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے فیئر فنانس پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر اس ادارے سے بھر پور تعاون کرے گا۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے فیئر فنانس پاکستان کے کنٹری پروگرام لیڈ عاصم جعفری کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔








