اسلام آباد، راولپنڈی میں بارشوں کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد، راولپنڈی میں بارشوں کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

راولپنڈی۔ 01 جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے بعد ریسکیو 1122 راولپنڈی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور تمام حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق تمام ریسکیو اسٹیشنوں پر اہلکاروں کی اضافی نفری، امدادی گاڑیوں، کشتیوں اور دیگر ضروری آلات کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رکھا گیا ہے۔

ریسکیو ٹیموں کو ممکنہ اربن فلڈنگ، برساتی نالوں میں طغیانی، درخت گرنے اور دیگر حادثات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ترجمان نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران اپنے بچوں کو برساتی نالوں، نالہ لئی، نشیبی علاقوں اور بجلی کے کھمبوں یا ٹوٹی ہوئی برقی تاروں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں کیونکہ معمولی غفلت بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران گاڑیاں کم رفتار سے چلائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پانی سے بھرے ہوئے انڈر پاسز، سڑکوں اور ندی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔

بارش کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشے کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ریسکیو 1122 نے مزید کہا ہے کہ بارش کے دوران کمزور اور خستہ حال عمارتوں یا چھتوں کے نیچے کھڑے ہونے سے اجتناب کیا جائے جبکہ شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر پہاڑی اور سیاحتی علاقوں کا سفر بھی مؤخر کر دیا جائے۔ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا امداد کی ضرورت پیش آنے پر شہری فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔