رسجا کے الیکشن میں ابوبکر صدر، امبرین علی سیکرٹری، ناصر نقوی فنانس سیکریٹری منتخب

راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کی الیکشن کمیٹی نے آئندہ مدت 27-2026 کے لئے نئی قیادت کا اعلان کر دیا، انتخابات میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کی الیکشن کمیٹی نے آئندہ مدت 27-2026 کے لئے نئی قیادت کا اعلان کر دیا، انتخابات میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ رسجا انتخابی عمل الیکشن کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان کی سربراہی میں مکمل ہوا جبکہ رانا فرحان اسلم، شاکر عباسی اور عاصم جیلانی الیکشن کمیٹی کے ارکان تھے۔ الیکشن کمیٹی نے انتخابی عمل کی نگرانی کے بعد باضابطہ طور پر نتائج کا اعلان کیا۔ ابوبکر بن طلعت مسلسل دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے جبکہ ذوالفقار بیگ سینئر نائب صدر منتخب ہوئے۔ زاہد اعوان اور اصغر علی مبارک نائب صدور، عمبرین علی جنرل سیکرٹری، ذیشان قیوم سینئر جوائنٹ سیکرٹری، اویس لطیف اور عقیل انجم جوائنٹ سیکرٹریز جبکہ ناصر عباس نقوی فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔

گورننگ باڈی کے لیے فہیم انور خان، گیبریل ڈی سوزا، اویس عباسی، کرن خان اور عاصم ریاض بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔اس موقع پر نومنتخب صدر ابوبکر بن طلعت اور جنرل سیکرٹری عمبرین علی نے رسجا کے تمام اراکین کا اظہار اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی منتخب قیادت ایسوسی ایشن کی پیشہ ورانہ روایات، اتحاد، شفافیت اور وقار کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رسجا کو ملک میں سپورٹس جرنلزم کے فروغ، پیشہ ورانہ اخلاقیات کے استحکام اور صحافیوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فعال اور موثر ادارہ بنانے کا سفر جاری رکھا جائے گا۔