ملتان میں پاکستان انڈر19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کامیابی سے جاری

ملتان میں پاکستان انڈر19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کامیابی سے جاری ہے، جس میں 31 باصلاحیت کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ کیمپ کے دوران کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارتوں کے ساتھ ساتھ ذہنی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں تاکہ انہیں مستقبل کے بڑے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا سکے

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):ملتان میں پاکستان انڈر19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کامیابی سے جاری ہے، جس میں 31 باصلاحیت کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ کیمپ کے دوران کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارتوں کے ساتھ ساتھ ذہنی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں تاکہ انہیں مستقبل کے بڑے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا سکے۔ ہیڈ کوچ شاہد انور نے کھلاڑیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دورہ انگلینڈ، اے سی سی انڈر19 مینز ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے تناظر میں ٹیم کے مستقبل کے اہداف اور وژن پر تفصیلی لیکچر دیا۔

انہوں نے نوجوان کرکٹرز پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، سخت محنت اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں تاکہ پاکستان انڈر19 ٹیم میں اپنی جگہ یقینی بنا سکیں۔ انڈر19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ اگست کے آخری ہفتے تک جاری رہے گا جبکہ پاکستان انڈر19 ٹیم ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ اس دورے کے دوران قومی جونیئر ٹیم ایک چار روزہ اور چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی، جو آئندہ بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کا اہم حصہ ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان انڈر19 ٹیم ایشیا کی موجودہ چیمپئن ہے، جس نے اے سی سی مینز انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔