ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں تمام سیاسی جماعتیں سنجیدگی کے ساتھ ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری کے لیے کام کریں: شرجیل میمن

53

حیدرآباد۔ 30 جون (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں تمام سیاسی جماعتیں سنجیدگی کے ساتھ ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری کے لیے کام کریں، پاکستان نے عظیم اور تاریخی جنگ جیتی ہے اور اب ہمیں معاشی میدان میں بھی ایسی ہی کامیابی حاصل کرنی ہے۔

راول ہاؤس راہوکی ٹنڈو جام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ سمیت عالمی سطح پر ہماری پوزیشن میں بہتری آئی ہے اور اب ہمیں دشمن کی پراکسی جنگ کا بھی ادراک ہے، جو پاکستان میں سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان دہشت گردوں کے خلاف دن رات برسرپیکار ہیں اور ہماری دفاعی صلاحیت بھارت کو عبرتناک شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس وقت اقتدار کسی کی ترجیح نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ نو مئی جیسے واقعات پر انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے، تحریک انصاف نے خود کو مائنس کیا ہے اور اب اس میں گروپ بندی واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں سب کو راستے دئیے جاتے ہیں، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں لیکن عمران خان کو آنکھیں کھول کر اپنے اردگرد موجود دوغلے عناصر کو پہچاننا ہوگا۔ سندھ حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے سیلاب اور بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔

شرجیل میمن نے بجلی بحران پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں 20 گھنٹے کی غیر آئینی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کی سزا سب کو دی جا رہی ہے۔ ڈسکوز کمپنیاں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، حکومت کو چاہیے کہ اپنی پاور کمپنیز کو لگام دے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرے۔ اگر کسی علاقے میں بجلی چوری ہو رہی ہے تو وہاں کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے، نہ کہ اجتماعی سزا کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت خطے کو امن کی اشد ضرورت ہے کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ نقصان دہ ہے۔ سڑکیں روک کر احتجاج کرنا فیشن بن چکا ہے، جس سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، حکومت کو چاہیے کہ قانون کی بالادستی یقینی بنائے اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔