ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش و برفباری کے پیش نظرسردی شدت میں اضافے کا امکان

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی): نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے28 تا 29 دسمبر ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش و برفباری کے پیش نظر موسم سرما کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں مغربی سرد ہواؤں کا نظام داخل ہو چکا ہے جس کی وجہ سے 28 تا 29 دسمبر ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم سرما کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

منگل کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر 27 سے 29 دسمبر کے دوران، بلوچستان کے بیشتر علاقوں خصوصاً کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، ہرانی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، گوادر، جیوانی، تربت، پنجگور، قلات، خضدار، سبی، نصیر آباد اور لسبیلا میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

مزید برآں28 اور 29 دسمبر کی شب کو کشمیر، گلگت میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ بلتستان، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، سرگودھا، اسلام آباد، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اسی دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور بھکر میں بارش کا امکان ہے۔