ملک کے بالائی علاقوں میں 20 سے 22 جولائی تک موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ کل پیر (شام/رات ) سے بدھ تک موسلادھار بارش ،تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے،بالائی خیبر پختونخوا (دیر، چترال، سوات، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد)، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ کل پیر (شام/رات ) سے بدھ تک موسلادھار بارش ،تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے،بالائی خیبر پختونخوا (دیر، چترال، سوات، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد)، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، بارشوں کے دوران کشمیر، مری و گلیات، شمال مشرقی پنجاب،اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے بھی مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر بحیرۂ عرب سے نم آلود ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہوائیں کل سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کی توقع ہے تا ہم کشمیر،خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہاراورشمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر تیز/موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔کل پیر کوملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کی توقع ہے تاہم خیبرپختونخوا،کشمیر،اسلام آباد،بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہےاس دوران کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر تیز/موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب جبکہ میدانی علاقوں میں شدید حبس رہا تا ہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر،راولپنڈی اور استور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخواکاکول 42، بالاکوٹ 36، پاراچنار 01، مظفرآباد (ایئرپورٹ 23، سٹی 21)، کوٹلی 15، گلگت بلتستان: استور 03، پنجاب: راولپنڈی (چکلالہ 02، شمس آباد ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہو ئی۔اتوار کوریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین ،سبی، نوکنڈی47اور چلاس میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔