ملک کے نامور ادیب پیرحسام الدین شاہ راشدی کی سالگرہ آج منائی گئی

109

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):ملک کے نامور ادیب پیرحسام الدین شاہ راشدی کی سالگرہ آج منائی گئی۔ ان کی پیدائش 20 ستمبر 1911کو رتو ڈیرو، لاڑکانہ میں سندھ کے مشہور روحانی گھرانے راشدی خاندان میں پیر سید حامد شاہ راشدی کے گھر ہوئی ۔

پیر حسام الدین راشدی نے ابتدائی تعلیم مولوی سید علی شاہ لکیاری اور مولوی محمد الیاس پنہور سے حاصل کی۔ چوتھے درجے تک پڑھنے کے بعد ذوق مطالعہ کو اپنا رہبر بنایا اور ذوق کتب خوانی اور اخبارات نے ان پر علم کے دروازے کھول دیے۔ پیر حسام الدین راشدی نے صحافت کو ذریعہ معاش بنایااور کئی اخبارات سے منسلک رہے لیکن وہ جلد ہی صحافت سے منہ موڑ کر ذوق مطالعہ کی تسکین میں محو ہو گئے اور نادر و نایاب مخطوطات اور مطبوعہ نسخوں کو جمع کرکے ان کا مطالعہ کرنے کا مشغلہ اختیار کیا۔

انہوں نے سندھ کے اکثر فارسی مخطوطوں اورسندھ کی تاریخ کو مدون اور محفوظ کر دیا۔ ان کے حواشی کو معلومات اور تحقیق کا انسائیکلوپیڈیا کہا جا سکتا ہے۔پیرحسام الدین شاہ راشدی کی ادبی و تعلیمی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے ان کو ستارہ امتیاز سے نوازا اور سندھ یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کی۔ 1974میں تہران یونیورسٹی، ایران نے فارسی زبان، ادب اور تاریخ پر آپ کی خدمات کے صلے میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی عطا کی۔

مایہ ناز محقق، تاریخ دان اور فارسی کے عالم پیر حسام الدین راشدی کراچی میں یکم اپریل 1982 کواپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ وصیت کے مطابق آپ کو مکلی کے تاریخی قبرستان میں مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا گیا۔پیرحسام الدین شاہ راشدی کی سالگرہ کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیاگیا۔