ممالک کے 14غیر ملکی کھلاڑی بین الاقوامی پی ایس اے ایونٹس میں شرکت کیلئے اتوار کو پاکستان پہنچ گئے

76

اسلام آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی) 5ممالک کے 14غیر ملکی کھلاڑی بین الاقوامی پی ایس اے ایونٹس میں شرکت کیلئے اتوار کو پاکستان پہنچ گئے جبکہ باقی ممالک کے غیر ملکی کھلاڑی پیر تک پہنچ جائیں گے۔ پاکستان سکوائش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر سکواڈرن لیڈر عامر اقبال نے بتایا کہ ایونٹس میں شرکت کیلئے ہانگ کانگ ، مصر، آئرلینڈ،سپین اور ایران کے14غیر ملکی کھلاڑی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جبکہ9ممالک کے کھلاڑی (آج)پیر تک پاکستان پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سکوائش فیڈریشن نے اسلام آباد میں ہونے والے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے ) بین الاقوامی ایونٹس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے۔ پی ایس اے نے 3 ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی ہے۔ تینوں ایونٹس اپریل میںمصحف سکوائش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا ایونٹ چیف آف دی ائیر سٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ برائے مینز( آج) پیر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا جو5 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس ٹورنامنٹ کیلئے انعامی رقم 30 ہزار امریکی ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔ اس ایونٹ کے ساتھ پی ایس اے برائے خواتین کا ٹورنامنٹ بھی اسی تاریخ میں کھیلا جائے گا۔ ہواوے انٹرنیشل سکوائش ٹورنامنٹ برائے مینز 6 سے 10 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ کی انعامی رقم 20 ہزار امریکی ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔ ایونٹس میں 14 ممالک کے غیر ملکی مرد و خواتین کھلاڑیوں جن کا تعلق سکاٹ لینڈ، مصر، ہانگ کانگ، سپین، کویت، سوئٹزرلینڈ، کوریا، ایران، بیلجیئم، روس، زمبابوے، جمہوریہ چیک، آئرلینڈ اور جرمنی سے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سکوائش فیڈریشن نے سال 2018ء میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں 16 پی ایس اے ٹورنامنٹس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا تھا جن میں 10 مردوں کے ایونٹس اور 6 خواتین کے ایونٹس شامل تھے۔