ممبر پنجاب اسمبلی راجہ عبدالحنیف کی زیر صدارت ستھراپنجاب صفائی مہم کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

165

راولپنڈی ۔8مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر جاری ستھراپنجاب صفائی مہم کے حوالے سے ممبر پنجاب اسمبلی راجہ عبدالحنیف نے گزشتہ روز راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے آپریشن سٹاف کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس سے خطاب میں ایم پی اے راجہ عبدالحنیف نے صفائی اور آگاہی مہم کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تین ماہ کا یو سی اور تحصیل وائز پلان بنا کر شہریوں تک وزیر اعلی پنجاب کا صفائی پیغام پہنچائیں،صفائی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے،

فیلڈ میں ورکرزکی حاضری اور صفائی کے کام پر کوئی کوتاہی نہ کی جائے،ہیلپ لائن نمبر 1139،اینڈرائیڈ ایپ کلین راولپنڈی اور سوشل میڈیا پیجزسے متعلق شہریوں کو مکمل آگاہی فراہم کی جائے،راولپنڈی شہرکی لاکھوں کی آبادی میں صفائی کیلئے چند ہزار ورکرز کا ہر جگہ پہنچنا ناممکن ہے،شہری ہی ہمارے دست و بازو بن کر شہر کی صفائی میں ہمارا ساتھ دیں اور کوڑا کرکٹ کو کوڑادان میں ڈالیں یا ویسٹ بیگز میں ڈال کر ورکرز کے حوالے کریں، ہمیں صفائی کیلئے ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگاتاکہ ہمارا شہر کلین اینڈ گرین اور سموگ فری سٹی بن جائے۔۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1139اور سوشل میڈیا پیج پر نشاندہی کرکے صفائی میں بہتری کیلئے ہم سے تعاون کریں، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کو زیرو ویسٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور سموگ کے خاتمے کیلئے بھی روڈ واشنگ ،مینوئل سوئیپنگ اور ویسٹ لفٹنگ کا کام باقاعدگی سے کیا جارہا ہے، ہمارے پرعزم ورکرز صفائی کیلئے کوشاں ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے کسی بھی موسمیاتی تبدیلی اور دیگر رکاوٹو ں کی پرواہ کئے بغیر سرگرم عمل ہے، راولپنڈی کو زیرو یسٹ،کلین اینڈ گرین سٹی بناکر دم لیں گے۔